پاکستانی قوم کو وومنٹ کرکٹ ٹیم پر فخر ہے ‘ ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل
May 16, 2024
by

پاکستانی قوم کو وومنٹ کرکٹ ٹیم پر فخر ہے ‘ ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل

لندن ( نمائندہ خصوصی )انگلینڈ کے دورہ پر آئی پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم نے گزشتہ دنوں لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی دعوت پر پاکستان ہاوس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان ہائی کمیشن لندن اور یوکے پاکستان بزنس کونسل کے تعاون سے کھلاڑیوں کے اعزاز میںعشائیہ دیا گیا، تقریب میں منسٹر ٹریڈ شفیق شہزاد‘ منسٹر پریس علی نواز، صدر یوکے پاکستان بزنس کونسل عطاءحق کے ساتھ ساتھ بورڈ آف ایڈوائزری یوکے پاکستان بزنس کونسل اور کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان وومن کرکٹ ٹیم نے پہلا میچ بہت اچھا کھیلا ہے، ٹیم مجموعی طور پر تین ون ڈے اور تین ٹی 20 میچز کھیلے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لئے خواتین کرکٹ ٹیم کا دورہ اعزاز ہے، ہم نے ہمیشہ کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کی ہے، امید ہے پاکستانی ٹیم اچھا کھیلے گی۔ہائی کمشنر نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین ٹیم کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں، پاکستانی ٹیم نے پہلے میچ میں بہت اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، ہمیں ان پر فخر ہے قوم ان کے ساتھ ہے، آپ جیتے یا ہاریں ہمیں آپ سے پیار ہے۔

پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے کہا کہ ہم انگلینڈ میں دوطرفہ سیریز کے میچ کھیلیں گی ۔کپتان نے کہا کہ ہمارے لئے اعزاز ہے کہ پاکستان ہاﺅس میں یوکے پاکستان بزنس کونسل اور پاکستان ہائی کمشنر لندن کی جانب سے عشائیہ دیا گیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ابھی سیکھنے کے مراحل ہیں ۔ انگلینڈ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گی، برمنگھم میں بہت اچھاہجوم تھا امید ہے اگلے میچوں میں بھی شائقین کی بہت بڑی تعداد موجود ہو گی ۔ ابھی پہلا میچ ہوا ہے کھلاڑی بہت اچھا کھیلیں گی اللہ تعالی سے کامیابی کی امید ہے ۔

ندا ڈار نے کہا کہ انگلینڈ کا موسم بہت اچھا ہے اور موسم کی وجہ سے کافی سپورٹ ملتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین کرکٹ بورڈ محسن نقوی بہت حوصلہ افزائی کررہے ہیں اور ان سے مسلسل رابطہ ہے۔

یوکے پاکستان بزنس کونسل خواتین ونگ کی ہیڈ ماریہ سرویا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وومن کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ میں خوش آمدید کہتے ہیں خاص طور پر پاکستان ہائی کمیشن لندن کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے یوکے پاکستان بزنس کونسل کو یہ موقع فراہم کیا کہ وہ اس ایونٹ کو سپورٹ کریں ۔

ماریہ سرویا نے مزید کہا کہ یوکے پاکستان بزنس کونسل خواتین کو سپورٹ کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی ہر قسم کی سپورٹ کے حوالے سے ہر وقت حاضر ہیں ۔ نہ صرف برطانیہ بلکہ پاکستان میں بھی خواتین کو کسی بھی شعبہ میں سپورٹ کی ضرورت ہو گی تو یوکے پاکستان بزنس کونسل ہر دم سپورٹ کے لئے تیار رہے گی ۔

تقریب کے آخر میں کھلاڑیوں نے گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف برمنگھم، لیڈز، نارتھ ہیمٹن ،ڈربی اسیکس، سمر سیٹ سمیت دیگر شہروں میں میچ کھیلے گی اور 30مئی کو واپس پاکستان روانہ ہوجائے گی۔

Share:

Add your Comment